طلبہ قیام پاکستان کیلئے قربانیوں سے آگاہی، تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کی تیاری کریں،چوہدری قمر الزمان

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)یوم پاکستان 23  مارچ کے حوالے سے ایک سادہ مگر پروقار تقریب انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز راولپنڈی میں منعقد ہوئی. تقریب کے مہمان خصوصی سابق کمشنر، سی ڈی اے اور قومی احتساب بیورو کے سابق چیئرمین چوہدری قمر الزمان تھے. پاکستان ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد نواز سدھرائچ گیسٹ آف آنر تھے جبکہ صدر انجمن فیض الاسلام پروفیسر ڈاکٹرریاض احمد نے تقریب کی صدارت کی. سینئر نائب صدر انجمن لیفٹیننٹ کرنل (ر)میاں جمیل اطہر، جنرل سیکریٹری گروپ کیپٹن (ر) پرویز اختر، معروف دانشور نعیم اکرم قریشی، پرنسپل فیض الاسلام سکول شبیر احمدستی،جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور سول سوسائٹی کے افراد کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد اس موقع پرموجود تھی. چوہدری قمرالزمان نے اپنے خطاب میں تحریک پاکستان، اس کے پس منظر اور ہمارے اسلاف کی قربانیوں پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ سے کہا کہ وہ قیام پاکستان کیلئے کی جانے والی بے مثال جدوجہد سے کماحقہ آگاہی حاصل کریں اور وطن عزیز کی تعمیر نو میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کی تیاری کریں.پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمدنے کہا کہ نوزائیدہ مملکت کو جن مشکل حالات کا سامنا تھا اور قائد نے اپنی اس تقریر میں جن کا ذکر کیا وہی حالات اور واقعات ہمیں آج بھی درپیش ہیں. انہوں نے کہا کہ ان مشکلات پر قابو پانے کیلئے ہمیں مکمل قومی یک جہتی اورہم آہنگی کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام سیاسی لیڈران اور عسکری قیادت کومل بیٹھ کر اچھے نتائج کی حامل حکمت عملی بنا کراسے زیر عمل لانا چاہیے. تحریک پاکستان کے سفر میں قرار مقاصدایک ایسا عمل ہے جو اب تک زندہ وجاوید ہمارے ساتھ چل رہا ہے۔نائب صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر)میاں جمیل اطہر نے یوم پاکستان کے حوالے سے اپنی نظم پیش کی تقریب سے نعیم اکرم قریشی نے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل سیکریٹری گروپ کیپٹن (ر) پرویز اختر نے تمام حاضرین کی تقریب میں آمدپرشکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن