پاک افواج بازو تراتوحید کی قوت سے قوی ہے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ کیا اور معرکۂ حق کی کامیاب انجام دہی پر افواجِ پاکستان کے مثالی کردار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انھوں نے بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم اور بے مثال جرأت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چھاؤنی پہنچنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ صدر زرداری نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی اور سویلین شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں۔ حالیہ معرکہ میں دشمن کو دی جانے والی شکست کو کئی مبصرین 1971ء کی شکست کا جواب قرار دے رہے ہیں۔ قوم کا پائیدار جذبہ اور افواجِ پاکستان کا غیر متزلزل عزم ایک نئی تاریخ رقم کر چکا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ صرف چند گھنٹوں میں پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا بے جگری سے جواب دے کر پاکستان کی طاقت، صلاحیت، اور قومی اتحاد کا ایک واضح پیغام دیا۔ یہ ایک معجزہ تھا جو قومی یکجہتی، عسکری مہارت اور ایمان کی قوت کے باعث ممکن ہوا۔ واقعی بجا طور پر کہا جا سکتا ہے: بازو تیرا توحید کی قوت سے قوی ہے! افسوسناک امر یہ ہے کہ کچھ عناصر نے پاک فوج کی مہارت، دلیری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو کم تر سمجھا اور ان کی اہلیت پر سوال اٹھائے۔ اسی تناظر میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اسلام آباد میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران کہا کہ نوجوانوں کا ملکی ترقی میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انھوں نے دشمن کے ناپاک عزائم سے خبردار کرتے ہوئے اتحاد و یگانگت کی تلقین کی اور کہا کہ پاکستان کی حالیہ فتح دراصل امن کی فتح ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا، لوگ کہتے تھے کہ فوج اپنا کام نہیں کرتی۔ اب ان سے سوال کریں کہ کیا فوج نے اپنا فرض نبھایا یا نہیں؟ کیا ایسے لوگوں کا احتساب نہیں ہونا چاہیے جو اپنے ہی محافظوں کے خلاف زبان درازی کرتے رہے؟ فوج پر تنقید برائے اصلاح کی جاسکتی ہے لیکن جنگی حالات میں افواج پربے جا تنقید درحقیقت دشمن کے حوصلے بلند اور اپنی قوم کے حوصلے پست کرنے کے مترادف ہے۔ ایسے عناصر نہ صرف احتساب بلکہ عبرت ناک انجام کے مستحق ہیں۔سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ جب اللہ پر ایمان، افواج پر اعتماد، اور قوم اتحاد کی طاقت سے لیس ہو تو ایسے ہی معجزے رونما ہوتے ہیں جن میں دشمن کو کئی گنا بڑی طاقت کے باوجود شکست فاش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن