بجٹ میں معاشی سکت کے تحت محصولات وصولی کاہدف مقرر کیا جائے:عامرقدیر

لاہور( کامرس رپورٹر)ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں معیشت کی سکت کے مطابق محصولات کی وصولی کاہدف مقرر کیا جائے ، غیر معمولی ہدف کے اعلان سے خوف و ہراس پھیلتا ہے ، اصلاحات کے عمل میں غیر ملکی ماہرین کی مدد بھی حاصل کی جائے۔ اپنے بیان میں عامر قدیر نے کہا کہ آگے دوڑ پیچھے چھوڑ کی پالیسی کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوتے ، حکومت جو اقدام اٹھائے اس پر کڑی نظر رکھی جائے اور اس کے نتائج کو سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ایف بی آر کر تجربہ گاہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ہم آج اس نہج پر پہنچے ہیں۔ ٹیکس کے نظام کو سادہ اور اس کی شرح کو کم کیا جائے۔ عامر قدیر نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا معیشت کی ترقی کہیں عارضی تو نہیں ،زر مبادلہ کے ذخائر بڑھانا ہوں گے تاکہ ہماری معیشت ترقی کرے تو ہمیں خام مال کی درآمد کے لئے ڈالروں کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ای پیپر دی نیشن