قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے آج خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور سپیشل بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے۔ ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی،ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں سکھیرا، ڈویژنل سپیشل ایجو کیشن افسر ماریہ اسلام اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے گورنمنٹ سکینڈری سپیشل ایجوکیشن سکول برائے متاثرہ سماعت اور گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار سلولرنز کے بچوں میں تمام کلاسوں میں جا کر عید گفٹ تقسیم کئے اور کلاس رومز کا معائنہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے سپیشل بچوں سے ملاقات کی، سوالات پوچھے اور کوالٹی ایجو کیشن کا جائزہ لیا۔ زیر تعلیم بچوں نے اشاروں کی زبان میں سپیکر پنجاب اسمبلی کو نصاب تعلیم اور دیگر پو چھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں میں عید کی خوشیاں بانٹنا اعزاز کی بات ہے۔ عید خوشیوں میں خصوصی بچوں کو شامل کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول کی اپ گریڈیشن کے لیے جلد خوشخبری سنائیں گے۔آخر میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے سکول میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔