قصور+ پتوکی+ پھولنگر (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) دینا ناتھ کے قریب پولیس مقابلہ میں نجی ملز کے جنرل مینجر عمر اوپل کو قتل کرنے والے دو ٹارگٹ کلر ہلاک ہو گئے جبکہ ماسٹر مائنڈ راؤ تنویر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے ٹارگٹ کلرز کی شناخت نعمان اور اشفاق ساکن رنگیل پور سے ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل نجی ملز کے جنرل مینجر عمر اوپل کو کوٹ رادھاکشن کے علاقہ میں نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے ایک ملزم رضوان کو حراست میں لیا تو اس ملزم نے بتایا کہ میرے بھائی ٹرانسپورٹر راؤ تنویر نے 02 ٹارگٹ کلرز سے عمر اوپل کو قتل کروایا ہے۔ پولیس نے گزشتہ شب دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے دینا ناتھ میں ایک فارم ہاؤس پر ریڈ کیا تو ماسٹر مائنڈ ملزم راؤ تنویر ٹارگٹ کلرز کیساتھ میٹنگ کر رہا تھا تو اس نے ثبوت مٹانے کیلئے اپنے ہی ٹارگٹ کلرز کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا، دونوں ملزمان راستہ میں ہی دم توڑ گئے۔