پاکستان سپر لیگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ آج کوالیفائر میں مدمقابل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 10کی رونقیں آج سے دوبارہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں نظر آئیں گی جو پلے آف مرحلے کی میزبانی کررہا ہے۔کوالیفائر میں پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ دوسرے نمبر پر آنے والی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔یہ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ ایلیمینیٹر 1 لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کل جمعرات 22 مئی کو کھیلا جائے گا یہ میچ بھی شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ ایلیمینیٹر 2 کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1  جیتنے والی ٹیم کے درمیان جمعہ 23 مئی کو کھیلا جائیگا۔فائنل اتوار 25 مئی کو کھیلا جائیگا۔دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان بیٹنگ میں سرفہرست ہیں اور اس وقت حنیف محمد کیپ ان کے پاس ہے‘ انہوں نے  10 میچوں میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے  394 رنز بنائے ہیں۔ کراچی کنگز کے جیمز ونس دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 10 میچوں میں 374 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان نے 369 رنز بنائے جس میں چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔بائولنگ  میں کراچی کنگز کے محمد عباس آفریدی نے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں اور فضل محمود کیپ ان کے پاس ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے جیسن ہولڈر اور کراچی کنگز کے حسن علی نے پندرہ پندرہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن