لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر ثاقب فیاض مگوں، نائب صدر زین افتخار چوہدری نے کہاہے کہ ایکسپورٹ اضافے کیلئے ٹر یڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز پاکستانی کاروباری برادری و دیگر ممالک کے درمیان جوائنٹ وینچرز،بزنس ٹو بزنس میٹنگ،تجارتی وفود کے تبادلے اورسنگل کنٹری ایگزیبیشنز کا انعقاد کروانے میں کردار ادا کر یں۔انہوں نے کہا برآمد کنندگان کیلئے درکار ضروری سرٹیفکیشن اورویلیو ایڈیشن سے متعلق معلومات بروقت شیئر کی جائے۔ٹی آئی اوز کواٹرلی ٹریڈ ڈیٹا فراہم کریں،جس میں متعلقہ ملک کی دنیا اور پاکستان کے ساتھ درآمدات اور برآمدات کے اعداد و شمار موجود ہوں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نئے تعینات ہونے والے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں نائب صدر ذکی اعجاز،پی آئی ٹی اے ڈی کے ڈائریکٹرقذافی رند نے بھی خطاب کیا۔