لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے مشاورتی عمل جاری ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ ہیڈ کوچ کیلئے درخواستوں کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کا منتظر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے 4 مئی تک درخواستیں طلب کر رکھی ہیں، جس کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ مشاورتی عمل میں مائیک ہیسن کی تجویز دی گئی ہے، ممکنہ طور پر مائیک ہیسن ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں، نئے ہیڈ کوچ کو وائٹ بال کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری سونپی جائیگی۔ پاکستان ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہے۔ 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے 2 میچ فیصل آباد اور 3 میچ لاہور میں ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔ذرائع نے بتایا کہ صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، حسن علی، فہیم اشرف اور علی رضا کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ سیریز کی حتمی تاریخوں اوروینیوز کو فائنل کرلیا گیا ہے،دونوں ممالک کے درمیان 5 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز 25 مئی سے 3 جون تک کھیلی جائیگی۔