لاہور ( نامہ نگار) ہمدرد پاکستان کی جانب سے پنجاب پولیس کے ان افسران کے اعزاز میں ایک شاندار تقریبِ پذیرائی کا اہتمام کیا گیا جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات میں ایمانداری، قابلیت اور دیانتداری کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ ایس پی آفتاب پھلروان، ایس پی شاہد چدھڑ، ایس پی میاں عابد رشید اور ایس پی خالد سعید خان نے شرکت کی۔ جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کیلئے پولیس کا کردار نہایت اہم ہے اور ایسے افسران کی موجودگی قوم کیلئے باعثِ افتخار ہے۔جن افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، وہ درحقیقت نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔ سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب الطاف قمر ،سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، فرح ہاشمی اور دیگر ممتاز شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔ سیکرٹری شوریٰ ہمدرد علی بخاری نے کہا کہ ہمیں ان پر فخر ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ یہ افسران ہمیشہ اسی جذبے سے ملک و قوم کی خدمت کرتے رہیں۔ چاروں حاضر سروس ایس پیز کی خدمت میں شہید حکیم محمد سعید کی سویں سالگرہ پر جاری کردہ ٹکٹس پر مبنی سوینیرز بھی پیش کیے گئے۔