فلسطینیوں سے یکجہتی: ملک گیر ہڑتال، ریلیاں: حکومت مظالم کیخلاف آواز اٹھائے، مقررین

 لاہور‘ قصور‘ ننکانہ صاحب‘ شیخوپورہ ‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد ( کامرس رپورٹر  + خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی + نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + جنرل رپورٹر) اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطین و غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کی ملک گیر شٹر ڈان ہڑتال کی کال پر دیگر شہروں کی طرح لاہور کی تاجر تنظیموں نے بھی مکمل شٹر ڈان ہڑتال کی۔ تحریک لبیک دیگر تنظیموں نے بھی ریلیاں نکالیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ،آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ، ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن،انجمن تاجران قائد اعظم گروپ،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان سمیت دیگر تاجر تنظیموں نے بھی کاروبار بند رکھا۔ مرکزی غلہ منڈی اکبری سمیت اندرون شہر کی تمام ہول سیل مارکیٹس میں بھی مکمل شٹرڈان ہوا اور تمام تجارتی و کارباری سرگرمیاں بند رہیں۔بادامی باغ مارکیٹ و ملحقہ مارکیٹس بھی بند رکھی گئیں۔ہال روڈ اور ملحقہ مارکیٹس ،مال روڈ،بیڈن روڈ،انارکلی بازار،بانو بازار،پیرس مارکٹ،دھنی رام روڈ سمیت ملحقہ بازاربھی بند رہے۔اندرون لاہور اعظم کلاتھ مارکیٹ،سرکلر روڈ کی 26مختلف مارکیٹس،شاہ عالم بازار کی تمام مارکیٹس،براندرتھ روڈ،میکلورڈ روڈ موٹرسائیکل مارکیٹ بھی بند رکھی گئی۔عابد مارکیٹ ،لٹن رود رکشہ مارکیٹ،نیلا گنبد سائیکل مارکیٹ،نسبت روڈ کیمرہ مارکیٹ، شو مارکیٹ راوی روڈ،لوہا مارکیٹ لنڈا بازار،جیل روڈ کار ڈیلرز نے بھی فلسطین و غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے شٹر ڈان ہڑتال کی۔دریں اثناء عابد مارکیٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان   کاشف چوہدری نے کہا امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑتوڑ رہا ہے، خیبر سے کراچی تک مکمل شٹر ڈائون کر کے فلسطین اور غزہ کے مظلوم بہن بھائیو ں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔گجرانوالہ، گجرات، ملتان سمیت صوبہ پنجاب میں کاروباری مراکز بند رہے۔ کراچی، حیدر آباد سمیت پورا سندھ بھی بند رکھا گیا،کوئٹہ، خیبر پی کے میں بھی کاروبار بند کر کے پاکستانیوں نے اہل فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوںنے کہا کہ کامیاب ہڑتال پر تاجروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ صیہونی مصنوعات کی درآمد پر پابندی لگائے اس کی خرید و فروخت پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق 20 ارب ڈالر کی رقم اسرائیل منتقل ہوتی ہے، مسلمان ممالک اس کو روکیں، اسرائیل اس سے اسلحہ خرید کر فلسطین پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے برانڈ کو متعارف کروانا شروع کیا جائے۔ پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے انڈسٹری کو سہولیات مہیا کی جائیں، انڈسٹری کو بجلی اورگیس سستی مہیا کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ آگے بڑھتے ہوئے سوئے ہوئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔ غزہ میں ایک ہفتے کی خوراک باقی رہ گئی ہے، پاکستان غذائی محاصرے کو توڑنے کے اقدامات کرے۔ صدر انجمن تاجراب لاہور و عابد مارکیٹ میاں طارق فیروز نے کہا کہ غزہ پر ہونے والے ظلم پر ہمارے دل خون کے آنسو روتے ہیں۔ اسلامی ممالک اکٹھے ہو کر اسرائیل کا بائیکاٹ کریں۔ لاہور کی ساری مارکیٹیں بند ہیں۔ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے قصور شہر سمیت ضلع بھر میںمکمل شٹر ڈائون و پہیہ جام ہڑتال رہی۔ اسرائیل کی بدمعاشی کے خلاف پاکستانی عوام سراپا احتجاج ہیں۔ جماعت اسلامی، تحریک لبیک و دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کی طرف سے مشترکہ طور پر ہڑتال کی بھرپور حمایت کی گئی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور نے بھی جگہ جگہ فلسطینی قوم سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر چوہدری محمد احمد لطیف ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج مسلم اُمہ کو اکٹھا ہوکر فلسطینی بھائیوںکی ہرممکن مدد کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہو گا۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران کے مرکزی صدر حاجی محمد اکرم مغل نے کہا حکومتیں تماشائی بنی ہوئی ہیں اور اسلامی دنیا بھی خاموش ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر ادارے اسرائیلی مظالم پر اندھے‘ بہرے اور گونگے ہو چکے جبکہ مسلم سفارت کاری بھی ناکام ہو چکی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دنیا آنکھیں کھولے اور ظالم اسرائیل کا ہاتھ توڑ ڈالے۔ شیخوپورہ میں غزہ فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف انجمن تاجران اور مذہبی جماعتوں کی مشترکہ کال پر شہر اور گردونواح میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں فضا نعروں سے گونج اٹھی۔ الحاج ملک محمد اسلم بلوچ، صدر امجد نذیر بٹ، چیئرمین سپریم کونسل حاجی غلام نبی ورک، شیخ عبدالحفیظ، شیخ نذیر احمد، جبکہ مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں ذیشان پرویز، جنرل سیکرٹری ملک پرویزاقبال، نائب صدر شیخ عظیم جاوید، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر زاہد عمران کوروٹانہ، سٹی امیر پروفیسر جاوید احمد سندھو و دیگرکی قیادت میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک مل کر اسرائیل کے خلاف لائحہ عمل اختیار کریں اور اسرائیل کی مصنوعات کے بائیکاٹ کو جاری رکھا جائے۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم اور بربریت کے خلاف احتجاجاً عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ اور ہڑتال کی۔ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری رائے شجر عباس کھرل اور دیگر عہدیداروں نے کہا کہ اسرائیلی افواج کے حملوں میں نہتے فلسطینی شہریوں، بچوں اور خواتین کی شہادتوں پر دل گرفتہ ہیں، اور یہ مظالم انسانی تاریخ کے ایامِ سیاہ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ ہیں۔ وکلاء رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فلسطینیوں کے لیے او آئی سی اور اقوامِ متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بھرپور آواز بلند کرے۔ عالمی برادری جنگ بندی کرائے۔ پنڈی‘ اسلام آباد میں بھی ہڑتال کی گئی۔ وکلاء نے عدالتی بائیکاٹ کیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہفتہ کی کامیاب ہڑتال نے ثابت کر دیا پوری قوم اسرائیل اور بھارت کے خلاف ہے۔ حکومت ہڑتال سے سبق سیکھے، قوم میں یکجہتی اور اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کرے۔ حکمرانوں کے اقدامات درست سمت میں ہونے چاہیئں۔ بھارت کی آبی جارحیت اور دیگر اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف سیاسی سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جائے۔ پہلگام واقعہ پر دفتر خارجہ کا ردعمل دیر سے آیا جس کا فائدہ نئی دہلی کو ہوا۔ ہم تصادم نہیں چاہتے تاہم کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ فوج تیار رہے، ہم ایک نیوکلیئر ریاست ہیں۔ پاکستان کو کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑنا چاہیے، اس کے لیے تمام ڈپلومیٹک چینلز استعمال کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات شکیل ترابی اور ڈائریکٹر سوشل میڈیا سلمان شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اہل فلسطین کے حق میں عوامی موبلائزیشن جاری رہے گی، 16مئی کو ایبٹ آباد اور 18 کو مالاکنڈ میں غزہ ملین مارچ کریں گے۔ تاجروں، صنعت اور کاروباری حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ملکی سلامتی کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ہم نے آدھا کشمیر لڑ کر حاصل کیا، بقیہ بھی اسی طرح حاصل ہو گا۔ برہمن سامراج نے ہماری شہ رگ کو دبایا ہوا ہے۔ کشمیریوں کی مزاحمت اپنی آزادی کے لیے ہے۔

ای پیپر دی نیشن