لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ڈیجیٹل روزگار پروگرام’’صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ‘‘ عوام میں مقبول ہونے لگا۔ 5 دن میں ملک بھر سے 50 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروا لی۔ رجسٹریشن 31 اپریل تک جاری رہے گی۔ کورس کا آغاز یکم مئی سے ہو گا اور رات 9 بجے سے 11 بجے تک 2 گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔ مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کی زیر صدارت سنٹرل میڈیا سیل میں اجلاس ہوا، جس میں ڈیجیٹل ہیڈ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک وقاص سعید،اپنا کماؤ مہم کے کوآرڈینیٹر زمان سیف و دیگر نے شرکت کی۔ اجلا س کے دوران ملک وقاص سعید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم مئی کو ملک بھر میں کورس کے سلسلہ میں کلاس رومز بنائے جائینگے، اس کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور ضلعی کوآرڈینیٹر کو ہدایات دی گئی ہیں۔اپنا کماؤ مہم کے سلسلے کا یہ پہلا کورس ہے جو10 روز تک جاری رہے گا۔تابش قیوم کا کہنا تھا کہ صلاحیت بڑھاؤ اپنا کماؤ کورسز کا مقصد عوام کو انکے گھروں کی دہلیز تک ان مہارتوں کی رسائی ہے جن کو سیکھ کر وہ خود کفیل بن سکیں، بھاری بھرکم فیسوں کی بجائے مفت کور س کروایا جا رہا ہے،ہم نوجوانوںکے ذہنوں سے مایوسی، ناامیدی کو نکال کر معاشرے کا ایک بہترین شہری بنانا چاہتے ہیں ۔