23 مارچ مسلمانوں کے فولادی جذبوں کا ترجمان ہے:اشرف جلالی

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے 23 مارچ ’’یوم قرار داد پاکستان‘‘کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا 23مارچ کا دن برصغیر کی اسلامی تاریخ کا نہایت روشن باب ہے۔ یوم قرارداد پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے فولادی جذبوں کا ترجمان ہے۔ قرارداد پاکستان میں موجزن ولولوں نے اکھنڈ بھارت کے بڑے بڑے برج الٹا دئیے اور طوفانوں کے رخ موڑ دئیے۔ پاکستان کی اصل قوت اہل پاکستان کی نظریہ پاکستان سے غیر متز لزل وابستگی ہے۔ تحفظ پاکستان میں نظریہ پاکستان کے تحفظ کابہت بڑا کردار ہے۔ کلمہ اسلام کی بنیاد پر بننے والے ملک کے دفاع میں بھی کلمہ کا بنیادی کردار ہے۔ پاکستان لاکھوں شہیدوں کے خون کی امانت اور غازیوں کی جدوجہد کی جاگیر ہے۔ پاکستان رازِ فطرت، عطیہ قدرت اور فیض ختم نبوت ہے اس کا تحفظ ایک فریضہ ہے۔ قیام پاکستان کی ایمانی تحریک کے اثرات قیامت تک برقرار رہیں گے۔ جس طرح پاکستان بنانے کا نظریہ قرآنی ہے ایسے ہی آج پاکستان بچانے اور چلانے کا فار مولا بھی قرآنی ہونا چاہیے۔ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ناگزیر ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن