اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک اعلی سطحی وفد نے صدر عثمان شوکت اور گروپ لیڈر سہیل الطاف کی قیادت میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں مسہ کسوال (گوجر خان)میں ڈرائی پورٹ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے اصولی منظوری دی۔ انہوں نے اس منصوبے کو تجارت کے فروغ، لاجسٹک اخراجات میں کمی، اور علاقائی روابط کو بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے وفد کو وزارت کی مکمل حمایت اور باہمی تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ اس منصوبے کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔اس ملاقات میں آر سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدر زاہد لطیف خان، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی موجودتھے۔ملاقات کے دوران آر سی سی آئی وفد نے وزیر ریلوے کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ خطے میں اقتصادی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری ممکن بنائی جا سکے۔