لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہورپولیس کی جانب سے یوم ِ شہادت حضرت علی ؓکی مجالس اورجلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔جلوس کے شرکاء کو تین درجاتی حصار پر مبنی سکیورٹی مہیا کی جا ئیگی۔ پولیس انتہائی الرٹ رہے۔عزاداری جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے۔مجالس و جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائیگی جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔لاہور پولیس کی جانب سے یوم ِشہادت حضرت علیؓ کے پرامن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیاہے۔یوم ِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر7ہزار سے زائدپولیس افسران واہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ 600سے زائد ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار، ایلیٹ پولیس کی72ٹیمیں، ڈولفن سکواڈکی 44ٹیمیں اورپی آر یو کی30ٹیمیں بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔خواتین عزاداروں کی چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکارسکیورٹی پر مامور ہوں گی۔