ایمرسن یونیورسٹی کے 13 نئے ایم فل پروگرامز کی منظوری 

ملتان (سپیشل رپورٹر) ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا تاریخی سنگ میل، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 13 نئے ایم فل پروگرامز کی منظوری دے دی، این او سی جاری کر دیا گیا، ایمرسن یونیورسٹی ملتان نے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی متحرک قیادت میں یونیورسٹی مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ گزشتہ روز وی سی آفس میں منعقدہ اہم اجلاس میں یونیورسٹی کے مستقبل کے حوالے سے اہم اعلانات کیے گئے۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق، ڈائریکٹر اکیڈمک پروفیسر ڈاکٹر عدنان طاہر قریشی، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر محمد کاشف، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر نادر مگسی، سہیل چوہان، ڈاکٹر محمد نعیم، وسیم عالم، ڈاکٹر قرآۃالعین، ڈاکٹر فاروق بزدار، ڈاکٹر سجاد نعیم، پروفیسر شفقت عباس، ڈاکٹر بینش ذہین اور تمام شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وائس چانسلر ڈاکٹر رمضان نے اعلان کیا کہ ایمرسن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے 13 نئے پروگرامز کے این او سیز حاصل کر لیے ہیں، جن میں سائبر سیکیورٹی، مائیکرو بائیولوجی، مینجمنٹ سائنس، شماریات، سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، بائیو ٹیکنالوجی، باٹنی اور اپلائیڈ سائیکالوجی جیسے شعبہ جات شامل ہیں۔ مزید یہ کہ اگلے چند دنوں میں 5 نئے ایم فل پروگرامز، جن میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فزکس، اور اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس شامل ہیں، کی منظوری متوقع ہے۔ڈاکٹر رمضان نے  فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ پروگرامز ایمرسن یونیورسٹی کو خطے میں تحقیق اور جدت کا مرکز بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹی اور عملہ باہمی احترام، مشاورت اور ٹیم ورک کے کلچر کو فروغ دینے میں پرعزم ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن