حکومت مارکیٹ اوقات کار، شادی تقریبات کیلئے مربوط پالیسی بنائے: ہائیکورٹ

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مارکیٹس کے اوقات کار اور شادی تقریبات کو محدودکرنے کے بار ے میں پالیسی بنانے کی تجویز دیدی۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق نے حکومتی اقدامات بارے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے سموگ تدارک سے متعلق کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ آپ کی اور عدالت کے مشترکہ اقدامات سے آج کل اچھا موسم دیکھنے کو مل رہا ہے، یہ نہ ہو کہ آپ نے مارکیٹیں کھول دیں، ماحول دوبارہ خراب ہو جائے، حکومت کو چاہیے کہ مارکیٹ کے اوقات کار کے بارے میں سوچ بچار کرکے ایک مربوط پالیسی بنائے۔ جسٹس شاہد کریم نے نے ہدایت کی کہ ایسی پالیسی بنائی جائے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے، اچانک پابندیاں لگانے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایک درخت جو سال سے لگا ہے اور ہمارا فائدہ کررہا ہے، اسے بچانا ضروری ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے گرین ٹاؤن میں الیکٹرک بس ڈپو پر ہونے والے درختوں کی کٹائی بارے استفسار کیا جس پر ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق نے بتایا کہ اس بارے آئندہ سماعت میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔ عدالت نے بتایا کہ اگر یہاں کم از کم درخت ٹرانسپلانٹ کرنے ضروری ہیں تو عدالت اس بارے سوچ سکتی ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن