غیر ملکی ماڈل ٹریسا احاطہ عالت میں روپڑی ‘خاندان کی یادستانے لگی، جیل میں دو کتابیں لکھ دیں: ملزمہ، سماعت 10 دسمبر تک ملتوی

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)سیشن کورٹ میں غیر ملکی ماڈل ٹریسا کے کیس کی سماعت کی گئی۔منشیات کے مقدمے میں گرفتار غیر ملکی ماڈل ٹریسا پاکستانی جیل میں دو کتابوں کی مصنفہ بن گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج علی رضا کے ٹریننگ پر ہونے کی وجہ سے ملزم کے خلاف کیس کی سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔گذشتہ سماعت پر غیرملکی ماڈل ٹریسا عدالتی کارروائی کے بعد احاطہ عدالت میں رونا شروع ہوگئی اور روتے ہوئے اسے بخشی خانے منتقل کیا گیا۔غیر ملکی ماڈل ملزمہ کا کہنا تھا کہ اسے اپنی فیملی کی بہت یاد آتی ہے اور وہ ان کے بغیر بہت اداس ہو چکی ہے اس لئے اس کیخلاف کیس کا ٹرائل جلد اور بروقت مکمل کیا جائے۔ٹریسا نے کہا کہ میں تھک گئی ہوں روزنہ عدالت میں پیش ہوتی ہوں لیکن اس کیس میں کوئی پیش رفت نہیں کی جا رہی۔کتابوں کے حوالے سے غیر ملکی ماڈل ٹریسا کا کہنا ہے کہ رہائی پانے کے بعد جلد ہی میں ان کتابوں کو شائع کروں گی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ پاکستانی کلچر اور قیدی کی زندگی پر دو کتابیں لکھی ہیں اس نے کہا پاکستانی قومی زبان کے ساتھ ساتھ سلائی کا کام بھی سیکھ رہی ہوں۔دوسری جانب غیر ملکی ماڈل نے اپنے ملک کی سفارت خانے کی خاتون سے ملاقات کی اور اپنے کیس سے متعلق بریفنگ دی۔

ای پیپر دی نیشن