خیبر شمالی ‘ جنوبی وزیرستان فورسز کی کارروائیاں ، ایک جوان شہید 8، خوارج ہلاک 

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی‘نمائندہ خصوصی) صوبہ خیبر پی کے  میں 4 اور 5 مئی 2025 کو سکیورٹی فورسز کی متعدد کارروائیوں کے دوران 8 خوارج مارے گئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (IBO) کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دستوں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین خوارج جہنم واصل ہوئے۔ جنوبی وزیرستان میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دو خوارج کو کامیابی سے ٹھکانے لگایا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مٹی کا ایک بہادر بیٹا نائیک مجاہد خان (عمر: 40 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ کوہاٹ) بہادری سے لڑتے ہوئے پاک سرزمین پر قربان ہو گیا۔ خیبر اور بنوں کے اضلاع میں فورسز  اور خوارج کے درمیان دو مزید جھڑپیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں تین خوارج مارے گئے۔ مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا‘ جو علاقے میں سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں، کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری‘وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پی کے میں خوارج کے خلاف مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا ‘جنوبی وزیرستان میں کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک مجاہد خان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ۔

ای پیپر دی نیشن