لاہور( اپنے نامہ نگار سے)مقامی ایڈیشنل سیشن جج نے منشیات کے الزام میں ملوث غیر ملکی ملزمہ ماڈل ٹریسا کے مقدمہ کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔ کسٹم پراسکیوٹر آفتاب احمد کے رخصت پر ہونے کے باعث مقدمہ میں مزید کارروائی نہ ہو سکی۔ گزشتہ روز مقدمہ کے آخری گواہ پر فریقین کے وکلاء کی جرح ہوئی تھی۔ مقدمہ میں پیش رفت نہ ہونے پر غیر ملکی ماڈل ٹریسا پریشان تھی اور انہوں نے اپنے وکیل سے شکوہ کیا کہ بلاجواز مقدمہ میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں آپ اس پر قانونی کارروائی کے لئے اقدامات کریں۔ چیک ریپبلک کی حسینہ ٹریسا پر ساڑھے آٹھ کلو ہیروئن بیرون ملک سمگل کرنے کا الزام ہے ۔کسٹم حکام نے چالان مکمل کر کے عدالت میں جمع کروایا ہے ماڈل ٹریسا کو لاہور ایئر پورٹ سے کسٹم حکام نے گرفتار کیا تھا۔