ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت )ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کا ننکانہ سٹی میں محکمہ خوراک کے گندم گوداموں کا دورہ۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ننکانہ صاحب سمیت دیگر متعلقہ افسر بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔ دوران وزٹ محکمہ خوراک کے افسروں نے گندم کے سٹاک و طلب بارے ڈی سی کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے مختلف گوداموں میں گندم کے سٹاک ، کوالٹی سمیت دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ڈی سی نے سرکاری گندم کو گوداموں سے فلور ملز تک پہنچائے جانے تک کے عمل بارے بھی دریافت کیا۔انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کے ہمراہ شجرکاری مہم کے تحت گوداموں میں پودے بھی لگائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ذخیرہ کی گئی گندم کی حفاظت اور گوداموں کی صفائی محکمہ خوراک کی ذمہ داری ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ویجلنس کمیٹی کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔