مدارس قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے حمایتی، قوم فوج کے ساتھ ہے: راغب نعیمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون عالمی امن کیلئے خطرناک ہے۔ مدارس دینیہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم ملکی معاملات میں متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پانی پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی روک ہی نہیں سکتا۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ 25 کروڑ پاکستانی عوام متحد اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں علماء کرام کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کی طرف سے دریائے جہلم و چناب کا پانی روکنا اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا آبی دہشت گردی ہے۔ یہ اقدام مودی سرکار کو بہت مہنگا پڑے گا۔ بھارت اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے پاکستان پر الزام لگا کر اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن