وفاقی وزیر تجارت سے ڈائریکٹریواین  زرعی خوراک اقتصادیات کی ملاقات 

 اسلام آباد (نمائندہ  خصوصی)وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان سے اقوام متحدہ کے زرعی خوراک اقتصادیات ڈویڑن کے ڈائریکٹر، مسٹر ڈیوڈ لیبورڈ کی سربراہی میں آئے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے زرعی خوراکی نظام میں اصلاحات کے لیے مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی جاری ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ تھی، جس کا مقصد قومی غذائی اہداف سے تجارتی پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنا، خوراکی نظام میں پائیداری لانا، اور پاکستان کی زرعی برآمدی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔وفد نے وزیر کو ‘‘یو این جوائنٹ فرنٹ’’ کے تحت جاری کوششوں سے آگاہ کیا، جس کا مقصد ملک بھر میں خوراک کی پیداوار میں موجود کمی اور زیادتی کی نشاندہی کر کے صحت مند خوراک تک رسائی بہتر بنانا ہے۔اس منصوبے کے تحت موجودہ گھریلو اور قومی سطح کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے، نو ماہ کے اندر ایک بجٹ کے اندر رہتے ہوئے عملی پالیسی سفارشات تیار کی جائیں گی، جو صحت عامہ، روزگار، تجارت اور ماحولیاتی نتائج کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ اس دوران مختلف صوبوں کی غذائی ضروریات اور پیداوار کے حالات کا خاص خیال رکھا جائے گا۔مسٹر لیبورڈ نے ڈیٹا پر مبنی ماڈلنگ کے ذریعے پالیسی سازی میں سائنسی بنیادوں پر فیصلے کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن