اسلام آباد (خبر نگار‘ خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 312 ہو گئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 66 ہزار 204 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 554 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مزید 977 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 3 فیصد پر آ گئی۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 25 ہزار 205 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 783 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 12 ہزار 687 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ حکو مت جاپان اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے تعاون سے کوویڈ 19 کو ذخیرہ کرنے کی قومی صلاحیت بڑھانے کے لیے 6.59 ملین ڈالر کی لاگت سے خریدا گیا کولڈ چین آپٹیمائزیشن کا سامان حکومت پاکستان کے حوالے کر دیا گیا۔برطانیہ میں ڈیلٹا ویریئنٹ کی نئی قسم زور پکڑنے لگی۔ ماہرین نے نئے وائرس کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ امریکہ میں 5 سے 11 سال کے بچوں کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق بچوں کی ویکی نیشن کیلئے تیار ہیں۔ بچوں کی ویکسی نیشن کا آغاز اگلے ماہ سے کیا جائے گا۔