غیرقانونی افغانیوں کا انخلاء، جعلی شناختی کارڈز کی تحقیقات کا دائرہ وسیع 

پشاور+ لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار+ این این آئی) افغان مہاجرین کے جعلی پاکستانی کارڈز کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے پشاور کی 15 یونین کونسل کی سیکریٹریز سے ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔ خیبر بازار، گنج بازار، نمک منڈی، جناح پارک روڈ، دیر کالونی، زرگر آباد، پیپل منڈی، حیات آباد، افغان کالونی سمیت مختلف علاقوں میں رہائش پذیر اور بازاروں میں کاروبار کرنے والے مہاجرین کی گرفتاریوں کے لیے ان کی فہرستوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ بعض سرکاری ملازمین کے حوالے سے بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ پاکستان میں مقیم غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کے انخلا کی مہلت ختم ہونے کے بعد ان افراد کو ملک چھوڑنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔18 اپریل کو 5030 سے زائد غیر قانونی افغان باشندے پاکستان سے اپنے وطن افغانستان واپس روانہ ہوئے۔ مجموعی طور پر 971,969 غیر قانونی افغان شہری پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر سے افغانیوں سمیت 11 ہزار 116 غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔11 ہزار 737 غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا چکا ہے جبکہ621 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن