لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں پرچون سطح پر دکانداروں نے 15ویں روزے کو بھی کھلے عام سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی کر کے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ صارفین نے رابطہ کر کے بتایا ہے کہ سرکاری نرخنامے میں آلو کچا نیا چھلکا درجہ اول کی قیمت 55 روپے مقرر کی گئی تاہم مختلف مقامات پر دکاندار 75 سے80 روپے تک فروخت کرتے رہے۔ پیاز درجہ دوم40 کی بجائے55 سے60، ٹماٹر درجہ دوم 50 کی بجائے60، لہسن دیسی نیا280 کی بجائے350 سے370، ادرک تھائی لینڈ385 کی بجائے430 سے450، کھیرا فارمی50 کی بجائے60، میتھی45 کی بجائے 60، بینگن60 کی بجائے80 سے90، گاجر 30روپے کلو تک فروخت ہوئی۔ پھلوں میں سیب ایرانی درجہ اول کی قیمت 290 روپے مقرر کی گئی تاہم مختلف مقامات پر دکاندار430 سے450 روپے کلو فروخت کرتے رہے۔ کیلا درجہ اول درجن260 کی بجائے340 سے350، امرود درجہ اول 220 کی بجائے 250، انار دانے دار 445 کی بجائے 600، انار قندھاری درجہ اول465 کی بجائے580 سے600، مسمی درجہ اول درجن195 کی بجائے250 سے260 روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا۔