کوئٹہ؍ لاہور /ہٹیاں بالا(این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+اعجاز احمد میر‘ نمائندہ نوائے وقت) کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کر دی گئی۔ ضلع کچھی میں ریلوے ٹریک کی مرمت سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہوگی۔ دوسری جانب ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ عمران حیات نے بتایا کہ کچھی میں پیروکنری کے قریب ٹریک کی مرمت کیلئے ابھی تک سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی، ہماری ٹیمیں مچھ اور مشکاف میں موجود ہیں، ٹریک کی مرمت کا کام سکیورٹی کلیئرنس کے بعد شروع ہوگا، پہلے جعفرایکسپریس کو ٹریک سے ہٹایا جائے گا پھر اس کی مرمت ہو گی۔ وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہداء کے لواحقین کو 52 لاکھ روپے اور بچوں کو ریلوے میں نوکری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان میں چھپے ہوں یا افغانستان بھاگ جائیں، انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزارت ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پہلی بار پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے سے بھارتی دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے، جس میں افغانستان بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت اب کسی دہشت گرد کو نہیں چھوڑے گی۔ سانحہ جعفر ایکسپریس سے ایک طرف قوم افسردہ ہے تو دوسری طرف ایک مخصوص سیاسی جماعت نے وہی بات کی جو بھارت نے زبان استعمال کی۔ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بریگیڈ اور بھارتیوں نے فوج کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے، بلاول، نواز شریف یا شہباز شریف کو ٹارگٹ نہیں کیا، کیا کروڑوں اربوں روپے فوج کو ٹارگٹ کرنے کے لیے پی ٹی آئی بریگیڈ کو نہیں ملے؟ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون شروع کرنے کا اعلان کرتے کان پک گئے، اسے اپنے فنڈز سے شروع کریں گے، محکمہ ریلوے میں بروقت ٹرینیں چلوائیں گے۔ صفائی اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ریلوے پولیس میں مداخلت نہیں کریں گے بلکہ معاونت کریں گے، ریلوے پولیس کا سکیل بھی پنجاب پولیس کے برابر کر دیا۔ ریلوے سٹیشنز کی اپ گریڈیشن، سٹیشنز پر کیمرے اور کارگو کی اپ گریڈیشن کریں گے اور جس طرح مسافر ٹرین میں ریونیو بڑھا ہے، اسی طرح سستا کارگو بھی کریں گے۔ دریں اثناء بلوچستان جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان راجہ عزیر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کوٹلہ میں ادا کی گئی۔ 23 سالہ شہید راجہ عزیر دو سال سے پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے‘ جنازے میں شریک وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے علاقے میں موجود گورنمنٹ پرائمری سکول کو شہید راجہ عزیر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ کچھی کے علاقے میں جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنائے جانے کے مقام پر ریلوے ٹریک اور اطراف کا علاقہ کلیئر کردیا گیا۔ متاثرہ ریلوے ٹریک اور علاقے میں میڈیا کے نمائندوں کو رسائی دے دی گئی۔ ریلوے حکام نے بتایاکہ ریلوے کے انجنیئرنگ سمیت تیکنیکی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ٹریک کی مرمت کا کام کل سے شروع کردیا جائے گا۔ ریلوے حکام کے مطابق حملے میں جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا، مشکاف میں ریلوے ٹریک کا 382 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔ ریلوے حکام نے بتایاکہ ریلوے ٹریک کی مرمت میں 8 سے 10 گھنٹے درکار ہونگے، کوشش ہے کہ ٹریک کی جلد مرمت کرکے ٹرین سروس بحال کی جائے۔