آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘کی کامیابی پر وزیر اعظم میاں شہبازشریف کی حکومت،مسلح افواج اور پوری قوم مبارکبادکی مستحق ہیں۔ ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘کی کامیابی نے قوم کونیا اعتماد دیا اور قومی یکجہتی کے جذبہ کی نئی روح پھونک دی۔اس کامیابی پر تما م سٹیک ہولڈرز کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔مسلم لیگ ن کے قائدسابق وزیر اعظم میاںمحمد نواز شریف نے اسی ماہ 28مئی 1998ء میں ایٹمی دھماکے کرکے دفاع ناقابل تسخیر بنایاجس سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت واحترام بڑھا۔اب ایک بار پھر 10مئی کوپاکستان کو عزت و وقار ملا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘کے تحت بھارت کے اندر صرف 10 منٹ میں 36 اہم فوجی تنصیبات کو ہٹ کر کے پوری دنیا میں ریکارڈ قائم کردیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نیانڈین ائیر بیس اودھم پور پربمباری کر کے وہ اودھم مچایا کہ بھارت صدیوں یاد رکھے گا۔اس جنگ کے دوران پاکستانی افواج نے ایک بھی سویلین ایریا کو ٹچ کیا نہ سول آبادی کو نشانہ بنایا جس کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔پہلگام واقعے سے شروع ہونیوالی جنگ نے دوگھنٹے میں دنیا کا نقشہ بدل دیا۔جنگ دو مراحل میں دو گھنٹے تک ہوئی لیکن اس جنگ نے دنیا میں بہت کچھ بدل دیا۔ یہ معرکہ انڈیا کو بہت سال پیچھے لے گیا ہے۔ ان کا جنوبی ایشیاء پر بالادستی کا خواب پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں چند گھنٹوں میں چکنا چور ہو گیا ہے۔ پاکستان اور انڈیا میں روایتی جنگ کا عدم توازن نہ صرف ختم ہو گیاہے بلکہ بہت حد تک پاکستان کو برتری مل گئی ہے۔ انڈیا سے پاکستا ن بہتر پوزیشن میں آ گیا ہے۔ کشمیر کامسئلہ دوبارہ عالمی مسئلہ بن گیا ہے۔ پاکستان اب اسے بڑے عالمی فورمز پر زندہ کر سکتا ہے۔ اسرائیل کی ٹیکنالوجی کا پول بھی کھل گیا ہے۔افواج پاکستان نے اس کے ڈرونز گرا کر مڈل ایسٹ کی سیاست کا نقشہ بدل دیا ہے۔
پاکستان کی اس کامیابی سے دنیا یونی پولر سے بائی پولر ہو گئی ہے۔ مغرب کے اسلحے کی برتری کا بھرم بھی ٹوٹ گیاہے۔ ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ جنگ کے پہلے روز تک پوری دنیا بھارتی وزیر اعظم مودی کے ساتھ تھی لیکن اب نقشہ مکمل طور پر بدل چکا ہے۔اگر انسان اپنے پائوں پر کھڑا رہ سکے تو پوری دنیا فاتح کے ساتھ ہوتی ہے۔فتح کے ساتھ تو سب ہوتے ہیں لیکن شکست یتیم ہو جاتی ہے۔امریکہ جو بھارت کو چین کے مقابلے میں پروموٹ کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا ، اب وہ بھی اس پر غورضرور کرے گا اور پاکستان کی اہمیت اس خطے میں دوبارہ سے بدل جائے گی۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کی تکمیل کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان نے بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے10مئی تک کے معرکے کو معرکہ حق کا نام دے دیاہے۔ آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم نے ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلا ن کردیاہے۔یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ہماری بہادرمسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے کل 16 مئی 2025ء، جمعہ کے روز پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جمعۃالمبارک کے دن یوم ِ تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کیے جائیں گے، اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔
وزیرِ اعظم نے بھارتی حملوں سے متاثرہ لوگوں اور املاک کیلئے بھی بڑے بڑے فیصلے کئے ہیں ، وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہداء پیکج کا اعلان کیا۔معرکۂ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔مسلح افواج کے شہدائکے ورثاء کو رینک کے حساب 1 کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے رقم دی جائے گی۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔مسلح افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گے۔مسلح افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔ مسلح افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔وزیرِاعظم نے کہا کہ شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے ، ہم یہ فرض پورا کریں گے۔ زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔ پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سر انجام دی ہیں، ان کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور سینئر ائیر فورس آفیسر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی رافیل طیارے گرانے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کرکے بھارت سمیت دنیا بھر کے منہ بند کردیئے ہیں ، ثبوتوں میں بھارتی طیاروں کے نمبرز اور تباہ ہونے کی لوکیشنز بھی دکھائی گئیں تھیں۔ علاوہ ازیں امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے اینکر اور سیکیورٹی امور کے ماہر جم سکیوٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ فرانس کے ایک اعلیٰ سطح کے انٹیلی جنس اہلکار نے رافیل طیارہ گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔بھارتی فضائیہ کے ایئرمارشل اودیش کمار بھارتی نے پاکستان ایئرفورس کی جانب سے رافیل طیارہ گرائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، جب صحافی نے ایئر مارشل اودیش کمار بھارتی سے پوچھا کہ کیا وہ اس بارے میں اعداد و شمار دے سکتے ہیں کہ بھارت نے کتنے اثاثے کھوئے ہیں، اور یہ کہ بین الاقوامی میڈیا میں رفال طیارے گرائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔اس سوال کے جواب میں ایئرمارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ جنگ میں نقصان ہوتا ہے ور بھارت کی طرف سے اس کا برملا اعتراف کیا جارہا ہے۔یہ وزیر اعظم میاں شہبازشریف کی حکومت،مسلح افواج اور پوری قوم کی کامیابی ہے۔