لاہور سمیت ملک بھر میں پاک فوج زندہ باد ریلیاں، جماعت اسلامی آج یوم عزم، جے یو آئی دفاع وطن منائے گی

لاہور؍ ننکانہ؍ قصور؍ اسلام آباد؍ فیصل آباد؍ ساہیوال؍ میانوالی (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور سمیت ملک بھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں۔ فضا نعرہ تکبیر، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور بھارت مردہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ جبکہ جماعت اسلامی نے آج یوم عزم اور جے یو آئی نے یوم دفاع وطن منانے کا اعلان کر دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پوری قوم بہاد افواج کے ساتھ ہے۔ وطن کا دفاع کرنا ہم پر فرض بھی اور ہمارا ایمانی حق ہے۔  امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے تحت آج (جمعہ کو) ملک گیر یوم عزم کے موقع پر پوری قوم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرے گی ۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت   نے کہا وزراء سفارتی اور میڈیا کا محاذ سنبھالیں اور عالمی سطح پر بھارتی دہشت گردی کو آشکار کریں۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل نے کہا کہ  قوم اس کی بھی منتظر ہے کہ حکومتی پارٹی کے سربراہ نواز شریف بھی بھارتی جارحیت کے خلاف بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے سیاسی جماعتوں کے قائدین امریکہ کی اسرائیلی حمایت کی مذمت کرنے سے بھی کتراتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ملٹری ٹرائل سے متعلق فیصلہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں قوم میں تقسیم کے لیے کوئی بیان نہیں دینا چاہتے۔ البتہ ایسے موقعوں پر سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے، بجائے اس کے کہ ان کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام گڑھی شاہو میں اظہار یکجہتی مظاہرہ و ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں  مولانا محبوب احمد، مفتی عمران حنفی، ڈاکٹر سلیمان قادری، مفتی محمد مدنی، مولانا غلام مرتضی نقشبندی، قاری رفیق احمد نقشبندی، مولانا مسعود احمد سیالوی، علامہ غلام یاسین قادری سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ اور ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ اسلام آباد میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے نمل یونیورسٹی کے طلبہ نے ریلی نکالی۔ لاہور میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ استنبول چوک سے شروع ہونے والی ریلی پنجاب اسمبلی ہال مال روڈ تک پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی۔ خیبر کے علاقے باڑہ میں بھی عوام نے ریلی نکال کر بھارت کی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا۔ پاکپتن میں بھی  فوج سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ چار سدہ کی تحصیل شبقدر میں بھی عوام نے ریلی نکالی۔ خیر پور میں پولیس کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ضلعی انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام  ریلی  نکالی گئی۔ ڈسٹرکٹ بار  میانوالی، ایپکا،  مرکزی مسلم لیگ میانوالی نے پاک فوج کی حمایت اور اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں۔ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام اور الائیڈ ہسپتال میں ریلیاں  نکالی گئیں۔ ننکانہ  میں فوج سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر طلحٰہ بن ضیاء شیروانی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی 1122 اکرم پنوار، علامہ محب النبی طاہر، علامہ محمد کامران عطاری، مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ کے جنرل سیکرٹری ثاقب مجید، سکھ رہنما سردار سرجیت سنگھ اور مسیحی رہنمائوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرکزی مسلم لیگ  کے زیراہتمام بھی بھارت کی جارحیت کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک الگ ریلی نکالی گئی، مودی کے پتلے بھی نذر آتش کئے۔ ریلی بلدیہ چوک قصور سے شروع ہوکر للیانی اڈے میں اختتام پذیر ہوئی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے فنانس /ریونیو، ممبر قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ ایڈووکیٹ، چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی /ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ایڈووکیٹ، ایم پی اے حاجن صفیہ سعید، جنید وسیم شیخ نے  قیادت کی۔ ریلی میں ناصر محمودخاں، چوہدری عاطف سعید، حاجی فیض مجید قادری، چوہدری اصغرعلی، جمیل احمد خاں، چوہدری طاہرمحمود، راجہ عبدالقدوس صابر، نسرین شوکت، عامر بشیرانصاری ودیگر مسلم لیگی عہدیداران، ورکرز، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر نے شرکت کی۔ 

ای پیپر دی نیشن