پھولنگر: ٹول پلازہ ملازمین کا فیکٹری بس عملہ سے جھگڑا، کئی خواتین زخمی، متاثرین سراپا احتجاج 

قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) پھول نگر ٹول پلازہ پر ملازمین کی بدتمیزی کی وجہ سے مظاہرین نے دینا ناتھ ٹول پلازہ کے کولیکشن کیبنز کو اُکھاڑ پھینکا اور آگ لگا دی جبکہ ٹریفک گھنٹوں جام رہی۔ تفصیلات کے مطابق پھول نگر ٹول پلازہ میں فیکٹری ملازمین کی بس کے ڈرائیور نے ٹول پلازہ پر ٹیکس ادا کرنے کے لیے گاڑی کو کیبن سے کچھ آگے کھڑی کی جس پر ٹول پلازہ کے عملے نے مبینہ طور پر گاڑی کے شیشے توڑ دئیے۔ شیشے ٹوٹنے پر گاڑی میں موجود خواتین فیکٹری ورکرز زخمی ہوگئیں تو احتجاجاً فیکٹری ورکرز نے گاڑیاں سڑک پر کھڑی کر کے نیشنل ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ نئے بننے والے ٹول پلازہ سے تنگ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی احتجاج میں شامل ہو گئی اور مظاہرین نے کولیکشن کیبنز کو نقصان پہنچایا۔ جس کے بعد فیکٹری ورکرز پر تشدد اور گاڑی کے شیشے توڑنے والے ملازمین موقع سے فرار ہو گئے۔ ٹریفک بند کرنے پر سڑک پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سڑک کھلوانے کے لیے آنے والے  مقامی ایس ایچ او  کا سر پھٹ گیا۔ ڈی ایس پی پتوکی نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کروا کر ٹریفک بحال کرائی۔ دوسری طرف مظاہرین  نے کہا کہ عوامی مطالبے کے باوجود ایک ہی تحصیل میں دوسرے ٹول پلازے کی تعمیر لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے ٹول پلازے پر مریضوں، طلبا اور ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین کو تاخیر کی اذیت سہنا پڑتی ہے یہاں سے ٹول پلازہ ختم کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن