روس کا یوکرائن پر سب سے بڑاڈرون حملہ ‘ ایک خاتون ہلاک کئی مکانات تباہ

ماسکو (نیٹ نیوز) روس نے یوکرائن کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا ہے جس میں متعدد مکانات تباہ اور ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ یہ واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ مجوزہ جنگ بندی پر بات چیت سے ایک روز قبل پیش آیا۔ ماسکو کی جانب سے اس الزام پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ فروری میں وائٹ ہاؤس کے ایک تباہ کن دورے کے بعد واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش میں مصروف صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اتوار کے روز روم میں پوپ لیو کی تاجپوشی کے موقع پر نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ یوکرائنی صدر نے کہا کہ ملاقات ’ اچھی’ رہی اور یوکرائنی اور امریکی حکام کی ایک گول میز پر باہر بیٹھے اور مسکراتے ہوئے تصاویر بھی جاری کی گئیں۔ یوکرائنی میڈیا نے بتایا کہ یہ ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔ ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرائن حقیقی سفارت کاری میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے اور انہوں نے جلد از جلد مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ یوکرائن اور روس کے درمیان جمعے کے روز تین سال سے زائد عرصے میں پہلی بار براہ راست مذاکرات ہوئے، جس کی وجہ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی پر رضامند ہونے کے لیے دباؤ تھا۔

ای پیپر دی نیشن