وفاقی حکومت کا یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان

 وفاقی حکومت نے یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پرملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یومِ تکبیر کے موقع پر 28 مئی بروز منگل ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دن پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے تاریخی لمحے کی یاد میں ہر سال بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق یومِ تکبیر کے موقع پر تمام سرکاری، نیم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر نجی ادارے بند رہیں گے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سندھ حکومت کی جانب سے بھی 28 مئی کو تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یومِ تکبیر 28 مئی 1998 کی اُس عظیم قومی کامیابی کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات کے ذریعے دنیا کو باور کرایا کہ وطنِ عزیز اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ اس تاریخی دن پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔ ملک بھر میں اس روز مختلف تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں ایٹمی پروگرام کے معماروں اور قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے عزم، خودداری اور دفاعی خود کفالت کی علامت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن