لاہور (خبر نگار) پہلی سے دسویں جماعت تک مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنے کیلئے درخواست، ہائیکورٹ نے 2021ء میں دائر ہونے والی درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔ جسٹس جوادحسن نے شہری تنویر سرور کی درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے، جسٹس جواد حسن نے کہا نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر آنے والی وحی کا پہلا لفظ تھا، پڑھو، اس عدالت کے پہلے آرڈر کی روشنی میں پنجاب حکومت نے موثراقدامات کئے ہیں، سپریم کورٹ فری ایجوکیشن فراہم کرنے کا فیصلہ دے چکی ہے۔ حکومت اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پابند ہے، چھبیسویں ترمیم کے بعد عدالت درخواست کی استدعا سے باہر کوئی حکم نہیں دے سکتی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے بتایا کہ گورنمنٹ کی ترجیحات میں فری اور لازم تعلیم شامل ہے۔