نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی پر مائو نواز علیحدگی پسندوں کے بم حملے میں 10 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک سکیورٹی اہلکار نارائن پور، دانتے واڈا اور بیجاپور میں آپریشن کے بعد واپس آرہے تھے۔ پچھلے دنوں چھتیس گڑھ میں سکیورٹی اہلکاروں اور ماؤ نواز علیحدگی پسندوں کے درمیان ضلع ابوجھمر میں جھڑپیں جاری رہیں جس میں دونوں طرف سے لوگوں کی ہلاکت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کانوائے کو سڑک پر بم نصب کرکے نشانہ بنایا گیا۔ کانوائے میں شامل ایک گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ بھارت کی بہت سی ریاستیں مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں سے تنگ ہیں۔ جبکہ آئے روز فالس فلیگ آپریشنز کی آڑ میں بے گناہ لوگ جان سے جاتے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں ہونے والا حملہ بھی بھارت میں بگڑتی سکیورٹی صورتحال کی جانب اشارہ کرتا ہے۔