لاہور( این این آئی)لاہور کے مقامی ہوٹل میں عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی75 ویں سالگرہ کی تقریب ہوئی۔ قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چین کے قونصل جنرل ژا ئوشیرین، چائنیز بزنس کونسل کے صدر مسٹر چھن چھیان، معزز اراکین اسمبلی اور حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے۔ قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے مزید کہا کہ ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور ہے۔ سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں، دو قوموں کے لیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔ ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب کو چینی کاروبار کے لیے ایک پسندیدہ مقام بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے چینی قونصل جنرل اور دیگر معزز مہمانوں نے ملکر عوامی جمہوریہ چین کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔