راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویڑن انجینئر عامر خٹک نے عیدالفطر کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز عید کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کریں۔عوامی اجتماعات کی جگہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اس موقع پر ڈیوٹی روسٹرز کو ایشو کریں اور ڈیوٹی پر تعینات عملے کی حاضری یقینی بنائیں۔اسپتالوں میں عید کے دنوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ اسی طرح، دریا اور دیگر ندی نالوں میں نہانے والوں پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے دریا کے کناروں پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ پارکوں میں جھولوں کی مکینیکل فٹنس کا خاص خیال رکھا جائے اور کہیں پر بھی فٹنس سر ٹیفکیٹ کے بغیر آپریشن کی اجازت نہ دی جائے۔کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے مزید کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بازاروں، تفریحی مقامات اور مساجد کے اطراف میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ عیدگاہوں کی صفائی اور تزئین مکمل کی جائے۔