اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سینٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن )کے پارلیمانی لیڈر اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا مذاکرات کی میز پر آنا بڑی پیش رفت ہے،حکومت نے بھی خوش دلی سے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے ہم کھلے دل سے اس معاملے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں ،مذاکرات کی کامیابی کے امکانات موجود ہیں ۔گزشتہ شب ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت سیاسی مسائل کے حل کے لئے سیاستدانوں کے مل بیٹھنے کے لئے ایک روشن مثال ہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت پہلے بھی مل بیٹھتی رہی ہے ،ان کے طرز سیاست سے واقف ہوں ، بانی پی ٹی آئی کی طرز سیاست اور سٹائل مختلف ہے جس کی وجہ سے پہلے مل بیٹھنے کا امکان شاید نہیں تھا لیکن اب حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیاں مل بیٹھی ہیں، اگر دونوں کمیٹیان کسی نتیجہ پر پہنچ جاتی ہیں جس کا اظہار رانا ثناء اللہ نے بھی کیا ہے تو متفقہ سفارشات تیار ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نظریں 2 تاریخ پر لگی ہوئی ہیں ،وہ اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ لائیں گے، حکومتی کمیٹی مطالبات کا جائزہ لے گی اورممکنات اور مشکلات کو دیکھا جائے گا اور یہ عمل آگے بڑھے گا۔