مری کے جنگلات ایک بڑا قدرتی اثاثہ ہیں ،تحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیں:پی ایف سی 

 لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان فرنیچر کونسل نے مری کے جنگلات کو ٹمبر مافیا اور بار بار لگنے والی آگ کے تباہ کن اثرات سے بچانے کیلئے فوری و مربوط اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا مری کے جنگلات ایک بڑا قدرتی اثاثہ ہیں جو ماحولیات کو بہتر بنانے، موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے اور مقامی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جنگلات کے تحفظ کیلئے قوانین کا مناسب نفاذ نہ ہونے کی وجہ سے ٹمبر مافیا جنگلات کی بڑے پیمانے پر کٹائی میں ملوث ہے جبکہ بار بار لگنے والی کی آگ کی وجہ سے حیاتیاتی تنوع اور ان جنگلات پر انحصار کرنے والی کمیونٹیز کے ذرائع معاش کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ پی ایف سی نے مری کے جنگلات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا یہ متوازن ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے، زمین کے کٹائو کو روکنے اور پانی کے وسائل کو یقینی بنانے کیلئے بہت ضروری ہیں۔ پی ایف سی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جنگلات کی نگرانی کے طریقہ کار کو بہتر بنائے، غیر قانونی کٹائی پر سخت سزائوں کا نفاذ کرے اور جنگل کی آگ سے نمٹنے کیلئے جدید فائر فائٹنگ آلات میں سرمایہ کاری کرے۔ 

ای پیپر دی نیشن