جنوبی پنجاب کیلئے 17میگا ہیلتھ پراجیکٹس کا اعلان، نشتر ہسپتال ٹو بنے گا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے 17میگاہیلتھ پراجیکٹس کیلئے 2ارب 23کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ملتان میں نشتر 2کا میگاپراجیکٹ بھی جلد شروع ہو گا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے پہلے عوام دوست بجٹ میں وعدوں کی تکمیل کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے نئے بجٹ میں ہیلتھ کیلئے اربوں روپے مختص کئے ہیں۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں ہیلتھ پراجیکٹس مکمل کرنے کیلئے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں اور 7نئے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی بجٹ برائے مالی سال 2018-19ء کے اعداد وشمار کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی اپ گریڈیشن، طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ کی توسیع، بہاولپور میں نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے حالیہ مالی سال کے بجٹ میں شامل ہیں۔ بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ملتان میں نشتر ہسپتال 2کیلئے زمین خریدنے کیلئے 14کروڑ روپے، نشتر ہسپتال کے کینسر وارڈ کیلئے لینئر اسلیریٹر کیلئے 11کروڑ، چلڈرن ہسپتال بہاولپور میں جدید طبی آلات کیلئے 7کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں الیکٹرسٹی سسٹم کی اپ گریڈیشن اور دیگر طبی سہولتوں کیلئے 18کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 40کروڑ روپے کی لاگت سے طیب اردگان ہسپتال کا توسیعی منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں طلبا کے ہاسٹل کی تعمیر کیلئے 5کروڑ روپے لائت آئے گی۔ چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کا توسیعی منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جائے گا جس کیلئے 15کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن