یانگون‘ بنکاک (نوائے وقت رپورٹ) میانمار اور تھائی لینڈ میں گزشتہ دوپہر 7.7 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی جس کے بعد 6.8 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔ جاری اعدادوشمار کے مطابق میانمار میں زلزلے کے باعث 150سے زائد افراد ہلاک جبکہ 732 زخمی ہوئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سگائنگ شہر سے 16 کلومیٹر شمال مغرب میں اور 10 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا۔ 50 سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق زلزلے سے میانمار اور تھائی لینڈ میں عمارتیں اور پل زمیں بوس ہوگئے‘ لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، بھارت، لاؤس اور چین میں بھی محسوس کیے گئے۔ چین کے ارضیاتی مرکز نے صوبہ یونان میں زلزلے کی شدت 7.9 بتائی ہے۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں 3 افراد لقمہ اجل بنے۔ بینکاک میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے 81 مزدور ملبے تلے دبے ہیں۔ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق میانمار کے شہر ٹاؤنگو میں ایک مسجد جزوی طور پر منہدم ہوگئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق آنگ بان میں ہوٹل زمین بوس ہوگیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے سے میانمار کے پانچ شہروں اور قصبوں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ یانگون-منڈالے ایکسپریس وے پر دو پل بھی زمین بوس ہوگئے ہیں۔ میانمار کی فوجی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔علاوہ ازیں پاکستانی شہریوں کی مدد کیلئے سفارتخانوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی سفارتخانے یانگون اور بنکاک میں ہنگامی صورتحال میں معاونت فراہم کریں گے ۔ وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے اور پاکستانی شہری یانگون میں چارج ڈی افیئر انوار زیب سے 959880922880+پر‘قونصلر محمدشعیب سے 95944899967+پر جبکہ بنکاک میں فرسٹ سیکرٹری فہد سے 66959681506+پر اور قونصلر اسسٹنٹ یاسین سے 66916977702پر رابطہ کرسکتے ہیں۔