لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت چھ گھنٹے طویل خصوصی اجلاس میں ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ مریم نواز نے12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی۔ باقی ماندہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام، انسداد تجاوزات اور بیوٹی فیکیشن سے متعلق اجلاس آج دوبارہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کا معیار برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے۔ کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کیلئے مکمل آزادی دی، کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں۔ ارکان اسمبلی بھی اپنے اضلاع میں بہتر ی کی تعریف کرتے ہیں۔ پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں، خود سے ہے۔ مجموعی پرفارمنس بہتر رہی مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے۔ عوام میں ریلیف کا حقیقی احساس ہی کامیابی ہے۔ وقت بہت کم ہے۔ عوام کے لئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ محکمے کرپشن سے مکمل پاک نہیں ہو سکے، میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوس ناک ہے۔ کرپشن کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔ تمام تحصیلوں کے روڈز، مارکیٹوں اور بازاروں کی پائیدار اپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہر شہر میں ماڈل رکشہ سٹینڈ بنانے، لینڈ ایکوزیشن کیلئے حاصل اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی، تجاوزات کے خاتمے کے بعد واگزار کرائی سرکاری اراضی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، شہروں میں واگزار اور میسر سرکاری اراضی پر سپورٹس ایریا اور اربن فارسٹ قائم کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی افسروں کو تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے روزانہ وزٹ کرنے کی اور روڈز پر عارضی تجاوزات روکنے کے لئے لین مارکنگ، روڈز کے درمیان بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے کی ہدایت کی اور نئی بننے والی سڑک کے ساتھ ٹف ٹائل فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا۔ غلہ، فروٹ اور سبزی منڈی کی شہروں سے باہر منتقلی اور یکساں طرز پر اپ لفٹنگ، اوور ہیڈ برج پر پلانٹر اور ون کلر، یکساں تھیم لائٹنگ لگانے کی ہدایت کی اور سولر سٹریٹ لائٹس لگانے کا حکم دیا جبکہ روڈز کے درمیان یکساں طرز کے درخت لگانے کی ہدایت بھی کی۔ تمام اضلاع میں بلڈنگ بائی لاز پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ فیصل آباد میں عوام کے لئے مزید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے اور تاریخی گھنٹہ گھر کے ہر بازار میں بہترین انفراسٹرکچر اور بیوٹی فیکیشن کی ہدایت کی۔ سرگودھا گول چوک سمیت دیگر مارکیٹ اور روڈز میں تجاوزات کا خاتمے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی راجہ بازار کی اربن اپ لفٹنگ کے پلان کی منظوری دے دی۔ راولپنڈی کی تاریخی عمارات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ساہیوال کے جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی اور ملتان کی 278 سال قدیمی مسجد ولی محمد کی بحالی کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ملتان کے شیر شاہ انٹر چینج اور لیاقت آباد روڈ کی اپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ ملتان شہر میں 22 بس سٹاپ بنانے کی منظوری دے دی۔ مریم نواز شریف نے ورلڈ فیملی ڈاکٹر ڈے پر پیغام میں کہا کہ فیملی ڈاکٹرز کو ان کی خدمات، شفقت اور انسانیت کی بھلائی کے عزم پرخراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ مریم نواز شریف نے نارووال میں ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ افسر نعیم احمد کے دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔