لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزارنی چاہیے۔ غرباء کی سہولت کیلئے فطرانہ کی رقم عید سے پہلے ادا کریں۔ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں۔ یہ بات جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ایک مسلمان ہونے کیساتھ ساتھ ہماری ذمہ داری کہ ہم اسلامی تعلیمات پر پوری زندگی عمل کریں تاکہ ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں کیونکہ مسلمان کیلئے نبی کریم کی زندگی آئیڈیل اور نمونہ ہونی چاہیے۔ صحابہؓ واہل بیتؓ نے قرآن اور حدیث پر عمل کیا۔ پوری دنیا میں اسلام کے پرچم کو بلند کیا اور دین کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے یہ میسج دیا کہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت ہمیں اپنی جانوں سے بھی عزیز ہے۔ بیت المقدس کی آزادی ہم پر فرض ہو چکی ہے۔ ہمارے مسلم حکمران خاموش رہ کر بے غیرتی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔