لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور 2 ذخمی ہو گئے ہیں۔پولیس نے تمام نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔گجرپورہ کے علاقے میں کرول گھاٹی کے قریب ٹریفک حادثہ میں 2 افراد میں40 سالہ عبدالرزاق اور نامعلوم شخص جاں بحق ہو گئے ہیں۔سکیم موڑ ملتان روڈ پر تیز رفتار بس نے سڑک عبور کرتے ہوئے خاتون متوفیہ خاتون سمیت 3 افراد کو کچل ڈالا۔خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔نواب ٹاؤن کے علاقے ناصر آباد میں ایک گھر سے 25 سالہ خاتون آیت بی بی کی نعش ملی ہے۔خاتون گھر میں اکیلی مقیم تھی نعش چند روز پرانی ہے۔مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع ہے۔ کاہنہ کے علاقے ہلوکی میں ٹرین کی ٹکر سے 30 سالہ نوجوان جمشید موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ گرین ٹاؤن کے علاقے باگڑیاں میں سے45 سالہ شخص عاقب ولد مقبول کی نعش ملی ہے۔ برکی کے علاقے میں بی آر بی نہر سے نامعلوم شخص کی تیرتی ہوئی نعش برآمد ہوئی۔ ٹھوکر چوک میں نہر سے نامعلوم نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے۔اطلاع ملنے پر متعلقہ تھانوں کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور تمام نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔