فیروز والا‘ فیصل آباد‘ گوجرہ‘ اسلام آباد (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے) 2 نوجوانوں‘ بیوہ خاتون اور 16 سالہ لڑکی سمیت 4 افراد نے خودکشی کر لی۔ تفصیل کے مطابق فیروزوالہ نامہ نگار کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ کوٹ عبدالمالک میں 16سالہ دوشیزہ (ع) نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گھر میں گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔ ریسکیو اہلکاروں نے موت کی تصدیق کے بعد نعش تھانہ فیکٹری ایریا پولیس کو سونپ دی۔ تھانہ غلام آباد فیصل آباد کے علاقہ شاہی چوک کے رہائشی بشیر احمد کا جواں سال بیٹا احمد دین جو کتابوں کی دکان چلاتا تھا‘ نے معاشی حالات سے تنگ آکر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ گوجرہ کے چک نمبر 367 ج ب کے محمد آصف مرحوم کی بیوہ پروین بی بی نے مبینہ طور پر گھریلو حالات سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے وا لی گولیاں نگل لیں۔ تھانہ مارگلہ کے علاقے میں محلہ قاسم آباد راولپنڈی کے رہائشی نوجوان نے وفاقی دارالحکومت میں مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ فیصل مسجد کے بیرونی احاطے میں 24 سالہ فیضان علی کی خون میں لت پت نعش ملی، نوجوان جو ضلع اٹک کا مستقل رہائشی ہے وہ بحرین سے شادی کے سلسلے میں راولپنڈی گھرآیا ہوا تھا۔ اس نے گھریلو پریشانی سے دلبرداشتہ ہوکر خود کو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔