چیئرمین کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے ممبر فنانس کا ایف نائن پارک کا دورہ

اسلام آباد: (وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے کے ممبر فنانس نے ایف نائن پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی ممبر فنانس کے ہمراہ تھے۔ممبر فنانس نے پارک کی سیکورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں کو کہا کہ پارک کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور سیکورٹی گارڈز کی پیٹرولنگ بھی بڑھائی جائے تاکہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی سمیت دیگر شکایات کا سدباب کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی  کہ پارک میں مختلف مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نصب کیا جائے تاکہ پارک میں آنے والے شہریوں اور بالخصوص فیملیز کو حفاظتی ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی گارڈز کے لئے آؤٹ سورسنگ کی جائے اور ان تمام معاملات کا تخمینہ لگا کر جلد از جلد اخبارات میں ٹینڈرز بھی شائع کئے جائیں۔ مزیدبرآں پارک کے اطراف ٹوٹی ہوئی فینس کو بھی ازسر نو نصب کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اسی طرح روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے بھی متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت جاری کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں عوام الناس کی رہنمائی کے لئے پارک میں مختلف مقامات پر سائن بورڈز بھی آیزواں کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ان تمام سیکورٹی معاملات کو ضلعی انتظامیہ کی سیکورٹی ایپ کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن