غیرملکی کمپنیوں کے وفد کی ملاقات: سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے: وزیر داخلہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ بھارت جو بھی قدم اٹھا رہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جا رہا ہے۔ فتنہ خوارج پر بھی وہیں(بھارت) سے زور ڈالا جا رہا تھا کہ پاکستان میں داخل ہو کر دہشت گردی کریں۔ آئی ایس پی آر نے جو تصاویر شیئر کی ہیں ان میں ان54  دہشت گردوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں اور یہ دنیا کے لیے بہت بڑا ثبوت ہے کہ کوئی تو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کے منفی ہتھکنڈوں سے متعلق عالمی برادری کو آگاہ کر رہے ہیں، اگر بھارت نے پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ خانی کی تو اس کو بھر پور جواب دیا جائے گا، اس  حوالے سے حکومت، پاک افواج  اور پوری پاکستانی قوم ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی شفاف انکوائری اگر کوئی نیوٹرل ادارہ کرتا ہے تو پاکستانی حکومت اس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے۔ ہمیں بھارت پر بالکل کوئی اعتبار نہیں۔ ادھر محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کی تجاویز کو نوٹ کیا اور ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے انویسٹرز کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت نے سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کئے ہیں۔ ہمارا دین اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔ وفد نے مسائل کے حل کے لئے یقین دہانی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن