کراچی ، خیرپور : کینالز منصو مخالف مظاہرین پر پولیس کا واشیلنگ ، ہوائی فائرنگ ، 2زخمی ‘دھرنا ختم

کراچی+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ کامرس رپورٹر‘آئی این پی) کراچی اور خیر پور میں پولیس نے نہروں کے منصوبے کے خلاف احتجاج کرنے والے وکلاء کے دھرنوں پر دھاوا بول دیا جبکہ کراچی میں مشتعل مظاہرین نے پولیس موبائل کو آگ لگا دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ پر نہروں کے منصوبے کیخلاف وکلاء کا احتجاج جاری تھا، پولیس وہاں پہنچی تو ایک وکیل نے پولیس اہلکار کو ڈنڈا دے مارا، جس کے بعد پولیس نے وکلاء پر لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے ایک وکیل زخمی بھی ہوا۔ ایک وکیل کو حراست میں بھی لے لیا گیا، جس کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد سٹیل ٹاؤن تھانے پہنچ گئی۔ اس حوالے سے وکیل کی جانب سے پولیس اہلکار کو ڈنڈا مارنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ گلشن حدید سے مظاہرین منتشر ہوگئے۔ دوسری جانب خیرپور میں فیض گنج میں وکلاء اور قوم پرستوں کی جانب سے نہروں کے منصوبے کے خلاف دھرنا دینے والوں کے احتجاجی کیمپ پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، اور ڈنڈوں کے ذریعے پولیس موبائل کے پہلے شیشے توڑے اور پھر اس کو آگ لگا دی۔ پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف و حراس پھیل گیا، پولیس نے 2 مظاہرین کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہوگئی۔ قوم پرست جماعت کے کارکنوں کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حراست میں لیے گئے رہنماؤں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری جانب  بلوچستان بار کونسل نے  آ ج (پیر کو) صوبے بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل رحب بلیدی نے کہا کہ کینالز کے ایشو پر سندھ کے وکلاء سے اظہار یکجہتی اور 26 ویں ترمیم کیخلاف احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں وکلاء احتجاجی ریلیاں نکالیں گے۔ کوئٹہ میں ضلع کچہری سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن