لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور نوجوانوں کی قیادت کے فروغ کیلئے منعقد ہونیوالا پاکستان مینارٹی یوتھ فیسٹیول 2025 کٹاس راج مندروں کے تاریخی مقام پر ہوا۔ فیسٹیول میں پاکستان بھر سے مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد نوجوان رہنماؤں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ ، وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطاء الرحمن، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر، دی سی چکوال اور دیگر صوبائی ،وفاقی نمائندگان نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں مختلف مکالماتی نشستوں، ثقافتی پروگراموں اور تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا گیا جن کا مقصد قومی یکجہتی، باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ ڈاکٹر سیدعطاء الرحمن نے فیسٹیول کے شرکاء سے کہاپاکستان میں تمام مذاہب اور عقائد کے لوگوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ حکومت پاکستان ایسے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے جو معاشرتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مضبوط کرتے ہیں۔ رامیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اقلیتوں کی شمولیت اور ان کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ ہم نے ملکر ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو سب کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے۔