لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا کہ بائولرز نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ‘وہ ایک یونٹ کی طرح کھیلے ہیں ۔ پچز فاسٹ بائولرز کیلئے سازگار تھیں اور انہوں نے خوب فائدہ اٹھایا ہے ۔ جیکب ڈفی نے اعلیٰ بائولنگ کی ہے ۔ جس طرح کھلاڑیوں کیلئے روٹیشن بنائی گئی انہوں نے ہر جگہ اچھا پرفارم کیا ہے ۔ کچھ کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوئی مگر سیریز جیتنے پر بہت زیادہ خوشی ہورہی ہے ۔ ایک میچ ہارنے کے بعد جس طرح کم بیک کیا سب کے سامنے ہے ۔ مین آف دی سیریز ٹم سیفرٹ نے کہا کہ شروع میں سوچ لیا تھا کہ جارحانہ کھیلنا ہے ۔ یہاں بائونسی وکٹ تھیں اور اس کے مطابق کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ فن ایلن کے ساتھ اوپن کرکے اچھا محسوس کرر ہا ہوں ‘ہماری جوڑی اچھی چلی ہے ۔ چند ہفتے فیملی کے ساتھ گزاریں گے اور بعد میں پاکستان سپر لیگ کیلئے جائیں گے ۔ مین آف دی میچ جیمز نیشم نے کہا کہ ہمیشہ نیوزی لینڈ کی طرف سے کھیل کر فخر محسوس کیا ہے ۔ ہمارے سکواڈ میں بہت اچھے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں ۔ جب آپ ٹاپ پانچ وکٹیں حاصل کرلیتے ہیں تو مطلب آپ نے اپنا کام کر دیا ہے ۔ مجموعی طور پر سب نے اچھا کھیل پیش کیا ۔