لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے۔ بھارت کے جنگی جنون اور توسیع پسند عزائم کا منہ توڑ جواب دینا ضروری ہے۔ آبی جارحیت کا جواب دینے کیلئے سفارتی عمل کو تیز کیا جائے۔ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبہ جہاد سے سرشار ہونے کی وجہ سے دفاعِ وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مودی کا پاگل پن پورے خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ بھارتی میڈیا دن رات پاکستان کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ تحفظ پاکستان کیلئے نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔ صوبائی عصبیت اور لسانی شورش سے پاکستان کی سا لمیت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اکھنڈ بھارت کا نعرہ ایک بہت بڑی سازش ہے اس کا مقابلہ نظریہ پاکستان کے احیاء سے ہی ہو سکتا ہے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے انڈیا کو ناکوں چنے چبوانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ہم دفاعِ وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔