نوشہرہ ورکاں: سکھ یاتریوںکی گوردوارہ کھارا صاحب آمد، شاندار استقبال

نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) بھارت، انگلینڈ، امریکہ اور یورپین ممالک سے پچاس افراد پر مشتمل سکھ یاتریوں کے وفد نے نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں مٹو بھائیکے میں کھارا صاحب گوردوارہ پر حاضری دی۔ سکھ یاتریوں کو پولیس کی سخت سکیورٹی میں کھارا صاحب گوردوارہ لایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر، نصر اللہ مٹو، زمان مٹو و دیگر افراد نے ڈھول کی تھاپ اور پھولوں سے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ لولی سنگھ کی قیادت میں وفد میں سکھ خواتین سمیت نوجوان لڑکے لڑکیاں بھی شامل تھے۔ وفد نے 1780ء میں تعمیر ہونے والے گوردوارہ کھارا صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ وفد کی اہلیان دیہہ نے گرما گرم جلیبیوں، پکوڑوں  اور چائے سے تواضع کی۔ وفد نے یوسی سیکرٹری محمد حنیف سمیت اہلیان دیہہ کا پرتپاک استقبال پر شکریہ اداکیا اور محکمہ اوقاف کی جانب سے کھارا صاحب گوردوارہ کی مرمت اور نئے کمروں کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن